دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آغا نثار حسین اور آغا افتخار حسین مرحومین کی مغفرت فرمائے اور ان کی ارواح کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔ اکثر قارئین امامیہ جنتری کے مجھے فون آتے ہیں کہ ساڑھ ستی کیا ہوتی ہے؟ان کرم فرماؤں کی آسانی کے لیے یہ مضمون لکھ رہا ہوں تاکہ تمام کرم فرماؤں کے علم میں اضافہ ہوجائے۔

عرصہ 15 سال سے اپنے والد محترم محقق قبلہ آغا حسنین احمد صاحب کی نگرانی اور ان کی دعاؤں سے مضامین لکھ رہاہوں۔ بار بار تجربات سے ثابت ہوچکا ہے کہ ستارہ زحل نحس اکبر ہے اور اس کا متعلقہ عدد 8 بھی منحوس ترین ہے۔ جس کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصانات کا سامنا ہوچکا ہے۔ زحل 12برجوں کا دور 29 سال میں مکمل کرتا ہے۔اس ستارہ کی اصل طبع بارد (سرد) حابس (خشک) ہے اور سائنس کا مسلمہ اصول ہے کہ سردی خشکی سے ہر چیز سکڑتی ہے اور گرمی تری سے ہر چیز پھیلتی ہے۔زحل کا مقام ساتویں فلک پر ہے۔ یہ نحس ستارہ ہفتہ کے دن کا مالک ہے۔ دو برجوں کا حاکم ہے۔ جدی اور دلو کا، زحل ہر برج میں 1/2 2سال تک اپنی اُلٹی سیدھی گردش کرتا ہے۔ جس برج میں داخل ہوجائے اس کو ساڑھ ستی کہا جاتا ہے۔ اس وقت تین برج ساڑھ ستی کا شکار ہیں۔ جدی، دلو، حوت ان کو ساڑھ ستی کا سامنا ہے اور ان کادورسخت چل رہا ہے۔

زحل کی ساڑھ ستی ایک نہایت ہی منحوس دور خیال کیا جاتا ہے۔جب سیارہ زحل کسی شخص کے زائچہ میں خانہ نمبر 12 یا 1 یا 2 سے گزرتا ہے تو یہ وقت ساڑھ ستی کا ہوتا ہے۔ ایک برج میں زحل اڑھائی برس قیام کرتا ہے۔ اس طرح تین برجوں کو ساڑھے سات سال تک اپنی گرفت میں لیتا ہے۔ یہی دور ساڑھ ستی کا کہلایا جاتا ہے۔اسی دور میں بدنامی، تجارت برباد، کاربار معطل، غم واندہ، محنت کا صلہ نہ ملنا، بیماری، قید، جلاوطنی، آگ سے موت، بندش نقصانات ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ایسے وقت سے محفوظ رکھے آمین! اہل زحل کے لیے موافق کاروبار یہ ہیں۔ زمینداری، جوتے ساز فیکٹری، لیدر کا کام، مرچنٹ، کھدائی کان کنی، لوہے کے اوزار، اہل زحل کے لیے موافق صدقات یہ ہیں۔

صدقات سیاہ ماش دال، سیاہ کپڑے، تلوں کا تیل، سیاہ بکرا، گائے یا بھینس جو لوگ صدقہ اور نہ کرسکیں تو عزیمت زحل11روزانہ عشاء کی نماز کے بعد ورد کریں

اَللَّھُمَّ اِنّیِ اَسْئلُکَ بِاَسْمَائِکَ ھُوَ اللہُ الرّحْمٰنُ الرَّحِیْم اَلْمَلِکَ الْقُدّوُسُ۔ رَبِّ زِدْنْیِ عِلْماً وَّرِزْقاًوّعَّزِۃَ بَحِقِّ مُحَمَّدٍ وّآلِ مُحَمّد، بَرِحْمَتِکَ یَا اَرْحَم اَلّرٰحِمِیْن: اَلْعَجَلْ اَلسّاَعَۃَ الوَحا مجھے زحل کی نحوست سے بچائیے۔ بحق یا سَلَامُ، یافَتَّاحُ، یَا رَزّاقُ

41دن تک یہ ورد کریں ۔

بہت سے لوگ ان حالات سے گھبرا کرفراڈی عاملین کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں۔ جو ان کو جادو ٹونہ، جن بھوت ، آسیب کا جھانسہ دے کر ہزاروں روپے بٹورلیتے ہیں۔ حالانکہ یہ تمام حالات ساڑھ ستی کی نحوست کے ہوتے ہیں۔ میرا مشاہدہ ہے کہ جس شخص کی پیدائش کے وقت زحل شرف میں ہو اور نحس نظرات سے پاک ہو تو اس شخص کے لیے ساڑھ ستی عروج اور نیک نامی لائے گی۔ میرا ان تمام افراد کو مشور ہ ہے کہ اہل علم لوگوں سے رابطہ رکھیں۔ زحل کی ساڑھ ستی سے محفوظ اور تباہی سے بچنے کے لیے صدقات زحل ورد زحل ادا کریں اور زحل کا نقش بنوا کر اپنے پاس رکھیں۔